Urdu Khabrain
Urdu Khabrain is the world most populated Urdu News website. You can find and read daily Urdu news.

لندن میں ایون فیلڈ فلیٹس کےباہر احتجاج، پی ٹی آئی اور لیگی حامیوں میں ہاتھا پائی

0

لندن میں واقع ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کے درمیان ہاتھاپائی اور نعرے بازی کا واقعہ پیش آیا۔

ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے حامیوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نعرے لگائے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے حامیوں نے تحریک انصاف کے خلاف اور نواز شریف کے حق میں مظاہرہ کیا۔

پولیس نے مسلم لیگ برطانیہ کے صدر ناصر بٹ اور تحریک انصاف کے دو کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

یاد رہے کہ اتوار کو بھی مشتعل افراد نے نواز شریف کے گھر میں داخلے کے وقت احتجاج کیا تھا۔

خیال رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال قید اور جرمانہ، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 سال قید اور جرمانہ اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک برس قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

اس سلسلے میں کیپٹن (ر) محمد صفدر کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے تاہم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی لندن میں موجودگی کی وجہ سے ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز جمعہ 13 جولائی کو لاہور واپس آئیں گے، جس کے بعد نیب نے ان دونوں کو ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

Loading...

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

تبصرے
Loading...