Urdu Khabrain
Urdu Khabrain is the world most populated Urdu News website. You can find and read daily Urdu news.

انتخابی گہما گہمی میں پکوان تیار کرنے والوں کی چاندی

0

سیاسی جماعتوں کے مرکزی دفتر میں کارکنوں کا خاصا رش رہتا ہے، فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: ملک میں جہاں ایک طرف سیاسی گہماگہمی عروج پر ہے وہیں سیاسی جماعتوں کے امیدوار اپنے کارکنوں کی خاطرتواضع کرنے میں مصروف ہیں اور سیاسی دفاترمیں آنیوالے کارکنوں کی مختلف پکوانوں سے تواضع کی جاتی ہے۔

لاہور کے شالامار لنک روڈ پر واقع ایک معروف پکوان سینٹر پر ان دنوں معمول سے کہیں زیادہ پکوائی ہورہی ہے، پکوان سینٹر کے مالک عثمان کھوکر نے ناصرف اضافی کاریگروں کی خدمات حاصل کررکھی ہیں بلکہ چاول، پیاز،ٹماٹر ،گھی سمیت دیگر مصاحہ جات کی زیادہ مقدار جمع کررکھی ہے، عثمان کھوکھر نے بتایا کہ ویسے تو وہ لوگ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے لیے ہی کھانا تیار کرتے ہیں لیکن ان دنوں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے بھی آرڈر آرہے ہیں، ایک سیاسی دفتر سے روزانہ تین سے چار دیگوں کا آرڈر ہوتا ہے جس میں زیادہ تر چکن بریانی اور چکن قورمہ شامل ہے جبکہ کبھی کبھار اسپیشل زردہ بھی تیار ہوتا ہے۔

کیٹرنگ کا کام کرنے والے ایک اور شخص جاذب نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے علاقے میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے امیدوار ایک دوسرے کے خلاف مہم چلارہے ہیں لیکن دونوں کے مرکزی انتخابی دفاتر میں کھانا ان کا ہاں سے ہی پک کرجاتا ہے اور کئی بار تو دونوں دفاتر سے ایک ہی جیسے کھانے کا آرڈر دیا جاتا ہے۔

اس وقت پکوان سینٹرز پر چکن قورمے کی 10 کلو کی دیگ 4500 روپے، چکن بریانی کی 12 کلو کی دیگ 6500 روپے، سادہ بریانی 12 کلو کی دیگ 4500 روپے، مٹن کی 10 کلو کی دیگ 13 ہزار 500 روپے اور اسپیشل زردے کی دیگ 5500 روپے میں تیار کی جاتی ہے۔ عثمان کھوکھر نے بتایا کہ وہ کھانا تیار کرکے دینے کے معاملے میں ادھار نہیں کرتے۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے کورڈنیٹر ذیشان نے بتایا کہ ان دنوں ان کے مرکزی دفتر میں کارکنوں کا خاصا رش رہتا ہے، بالخصوص شام کو ڈیڑھ، دو سو کارکن دفتر میں جمع ہوتے ہیں جن کوکھانا کھلایا جاتا ہے، اور چائے پانی کا انتظام رہتا ہے، تحریک انصاف کے انتخابی دفتر کے منتظم رانا مبشر نے بتایا کہ یہاں صبح چائے اور ناشتے سے کارکنوں کی تواضع کا کام شروع ہوتا ہے، پھر دوپہر کا کھانا اور پھر رات کا کھانا، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ یہاں آنے والے مہمانوں کو کھانا اور چائے پانی ضرور دیا جائے، ورنہ یہ ڈر رہتا کہ کہ ووٹر صرف اس وجہ سے ناراض نہ ہوجائے کہ اسے چائے پانی نہیں پوچھا گیا۔ سیاسی کارکنوں اور ووٹروں کی خاطر تواضع کا یہ سلسلہ الیکشن کے دن رات تک جاری رہے گا۔

Loading...

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

تبصرے