Urdu Khabrain
Urdu Khabrain is the world most populated Urdu News website. You can find and read daily Urdu news.

عمران خان کے 2 حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیئے گئے

0

عمران خان کی تین حلقوں سے کامیابی کے مشروط نوٹیفکیشن جاری کئےگئے ہیں؛ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے این اے 53 اور این اے 131  سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018  میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے تاہم عدالتی فیصلوں کے باعث چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے 2 حلقوں سمیت قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک لیے گئے ہیں۔

عمران خان جن حلقوں میں کامیاب ہوئے ان میں این اے 53 ، این اے 35، این اے 95، این اے 131 اور این اے 243  شامل ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 2 حلقوں میں عمران خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روک لئے گئے ہیں، جن حلقوں میں چیئرمین تحریک انصاف کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روکے گئے ان میں این اے 53 سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اور این اے 131 میں ان کے مدِمقابل مسلم لیگ (ن) کے سعد رفیق کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست کا فیصلہ آنے تک روکا گیا ہے۔

عمران خان کے 3 حلقوں سے کامیابی کے مشروط نوٹیفکیشن جاری

عمران خان نے 25 جولائی کو عام انتخابات کے روز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ووٹ کی رازداری کا خیال نہیں رکھا تھا اور سب کے سامنے بلے کے انتخابی نشان پر مہر لگائی جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا اور ان کا کیس زیر سماعت ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن نے عمران خان کے دیگر 3 حلقوں سے کامیابی کے مشروط نوٹیفکیشن جاری کردیے ہیں۔

ایازصادق اور پرویزخٹک کی کامیابی کے مشروط نوٹیفکیشن جاری

ترجمان کے مطابق عدالتی فیصلوں کے باعث 849 قومی وصوبائی اسمبلیوں میں سے 815 کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں اور 34 قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے نوٹیفکیشن روکے گئے ہیں جب کہ ایازصادق اور پرویزخٹک کی کامیابی کے مشروط نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔

قومی و صوبائی اسمبلی کے 24 حلقوں کے نوٹیفکیشن روکے گئے

قومی اسمبلی کے جن 9 حلقوں کے نوٹیفکیشن روکے گئے ان میں این اے 53 اسلام آباد، این اے 90 اور این اے 91 سرگودھا، این اے 108 فیصل آباد، این اے 112 ٹوبہ ٹیک سنگھ ،این اے 131 لاہور، این اے 140 قصور، این اے 215 سانگھڑ اور این اے 271 کیچ شامل ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے297 میں سے 290 امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے جب کہ سندھ اسمبلی سے 130 میں سے 123 کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے۔ کے پی اسمبلی کے 99 میں سے  94 اور بلوچستان کے 51 میں سے 47 امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری گیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں اور اب آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہوگا۔

Loading...

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

تبصرے