Loading...

سعودی حکومت کے اعتراض پر نیٹ فلکس نے مزاحیہ شو ہٹا دیا

0

انٹرنیٹ پر مختلف ٹی وی شوز اور فلمیں پیش کرنے والی کمپنی نیٹ فلکس نے ایک مزاحیہ شو، جس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پر تنقید کی گئی تھی، سعودی عرب میں دکھائی جانے والی اپنی سروس سے نکال دیا ہے۔

اس شو کا امریکی ورژن، جس کا نام’ پیٹریاٹ ایکٹ ود حسن منہاج‘ ہے، اکتوبر سے انٹرنیٹ پر دستیاب تھا، اس کے سعودی ورژن کو پچھلے ہفتے انٹرینٹ سے ہٹا دیا گیا۔

نیٹ فلکس کمپنی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم فن کارانہ آزادی کے زبردست حامی ہیں اور اس شو کو ہم نے سعودی عرب کے لیے وہاں کی حکومت کی جائز قانونی درخواست اور مقامی قانون پر عمل درآمد کرتے ہوئے نکالا ہے۔

فنانشل ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ کہ سعودی عرب کے کمیونیکیشنز اور انفارمیشن کمشن نے مذکورہ شو کے متعلق شکایت کی تھی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مشرق وسطی کی ڈائریکٹر سماع حدید نے کہا ہے کہ نیٹ فلکس پر سعودی عرب کا سینسر شپ، اظہار کی آزادی کے خلاف اس کی سفاکانہ پکڑ دھکڑ کا ایک اور ثبوت ہے۔

منہاج اپنے شوز میں واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار خشوگی کے ترکی میں سعودی قونصلیٹ کے اندر قتل اور یمن پر سعودی قیادت کے بے رحمانہ فضائی حملوں پر نکتہ چینی کرتے ہیں۔

منہاج اپنا شو لانچ کرنے سے پہلے کیبل ٹی وی کے ایک مقبول پروگرام ’ڈیلی شو‘ میں آتے رہے ہیں۔ وہ وائٹ ہاؤس کی ایک تقریب کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
Loading...
تبصرے
Loading...