Loading...

خرطوم: فوج نے عمر البشیر کا تختہ الٹ دیا، مظاہرین کا سویلین حکومت کا مطالبہ

0

سوڈان کی مسلح افواج نے جمعرات کو صدر عمر البشیر کا تختہ الٹ دیا ہے، جنھوں نے 30 برس سے ملک پر مطلق العنان کے طور پر قبضہ جمایا ہوا تھا۔ تاہم، مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے ہیں، وہ فوج سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ اقتدار سویلین آبادی کے حوالے کیا جائے۔

پچہتر سالہ بشیر کی اقتدار سے علیحدگی سے قبل کئی ماہ سے لوگ ان کی حکمرانی کے خلاف مظاہرے کرتے رہے ہیں۔

سرکاری سرپرستی میں کام کرنے والے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے، وزیر دفاع اود محمد احمد ابن اوف نے دو برس تک فوجی حکمرانی کا اعلان کیا، جس کے بعد صدارتی انتخابات کرائیں جائیں گے۔

اُنھوں نے کہا کہ بشیر کو ’’ایک محفوظ مقام پر زیر حراست رکھا گیا ہے‘‘ اور اب ملٹری کونسل ملک کا نظام چلائے گی۔ اُنھوں نے یہ نہیں بتایا آیا حکومت کی سربراہی کون کرے گا۔

ابن اوف نے ہنگامی حالت کے نفاذ، ملک بھر میں جنگ بندی اور آئین کی منسوخی کا اعلان کیا۔

سونے کے غلاف والی کرسی پر براجمان، اُنھوں نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں تک سوڈان کی فضائی حدود بند، جب کہ حکم ثانی تک سرحدی چوکیاں بند رہیں گی۔

بشیر کے خلاف ہونے والے احتجاج کی سرپرستی ’سوڈانیز پروفیشنل ایسو سی ایشن‘ (ایس پی اے) کر رہی ہے، جس نے وزیر کے بیان کردہ عزائم کو مسترد کیا ہے۔ تنظیم نے مظاہرین سے مطالبہ کیا ہے کہ وزارت دفاع کے باہر ہفتے کو شروع ہونے والا دھرنہ جاری رکھا جائے۔

ایک عینی شاہد نے ’رائٹرز‘ کو بتایا ہے کہ کچھ ہی دیر بعد وسطی خرطوم کی گلیوں میں ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نظر آئے، بشیر کی متوقع علیحدگی پر شادمانی کا سماں فوج کی قیادت والے عبوری دور کے اعلان پر برہمی میں بدل گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
Loading...
تبصرے
Loading...