Loading...

ممبئی انڈیئنز آئی پی ایل ٹائٹل جیت گئی

0

لاستھ مالنگا کے شاندار آخری اوور کے باعث ممبئی انڈیئنز انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کا ٹائٹل جیت گئی۔ ممبئی انڈیئنز نے چوتھی مرتبہ آئی پی ایل ٹائٹل جیتا ہے۔

ممبئی انڈیئنز کے ڈی کاک اور روہیت شرما نے پہلے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 45 رنز جوڑے۔ اس موقع پر روہیت شرما اور ڈی کاک دونوں 45 کے مجموعی سکور پر پیویلین لوٹ گئے۔ اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں تواتر کے ساتھ گرنے لگیں۔ تاہم پولارڈ نے انتہائی جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 25 گیندوں پر 41 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سہارا دیا اور ممبئی انڈیئنز مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹیں کھو کر 149 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

ماہرین کا خیال تھا کہ جیت کیلئے 150 رنز کا ہدف زیادہ مشکل نہیں ہو گا۔ تاہم جواب میں واٹسن کی 59 گیندوں پر 80 رنز کی دھواں دار اننگ کے باوجود چنائی سوپر کنگز یہ فائنل صرف ایک رن سے ہار گئی۔

چنائی سوپر کنگز کو میچ کے آخری اوور میں جیت کیلئے 9 رنز درکار تھے۔ آخری اوور کرانے کیلئے لاستھ مالنگا کو بلایا گیا۔ وہ اس سے پہلے تین اووروں میں 42 رنز دے کر مہنگے بالر ثابت ہوئے تھے۔ اُنہوں نے ایک کیچ چھوڑ دیا تھا اور ایک آسان رن آؤٹ کرنے میں بھی ناکام رہے تھے۔ تاہم آخری اوور کی پانچ گیندوں پر اُنہوں نے 7 رنز دئے۔ یوں آخری گیند پر چنائی سوپر کنگز کو یہ فائنل جیتنے کیلئے دو رنز درکار تھے۔ لیکن اُنہوں نے آخری گیند پر ایک سلو یارکر پھینکا جس پر چنائی سوپر کنگ کے بیٹسمین ٹھاکر ایل بی ڈبلیو ہو گئے اور یوں ممبئی انڈیئنز نے یہ فائل ایک رنز سے جیت کر چوتھی مرتبہ آئی پی ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

میچ کے بعد ممبئی انڈیئنز کے کپتان روہیت شرما نے کہا کہ اُن کی ٹیم نے اس ٹورنمنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹورنمنٹ میں اُن کی ٹیم کی بالنگ خاص طور پر شاندار رہی۔

ہارنے والی ٹیم چنائی سوپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا کہنا تھا کہ اُن کی ٹیم کیلئے یہ سیزن اچھا رہا۔ تاہم مڈل آرڈر بیٹسمین توقع کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے۔

جسپریت بمرا کو چار اوورز میں 14 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا جبکہ اندرے رسل سیزن کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
Loading...
تبصرے
Loading...