Loading...

کیا جاس بٹلر انگلینڈ کے بہترین کرکٹر ہیں؟

0

وکٹ کیپر بیٹسمین جاس بٹلر محدود اوورز کی کرکٹ میں خود کو انگلینڈ کا بہترین کھلاڑی ثابت کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

پاکستان کے خلاف ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے دوران انہوں نے پاکستانی بالر کے خلاف جس طرح رنز کئے اس پر پاکستانی ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور انگلینڈ کے کپتان اوین مورگن بھی ان کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔

انگلینڈ کی 10 تیز ترین سنچریوں میں سے 5 بٹلر نے اسکور کی ہیں جن میں تازہ ترین سنچری انھوں نے پاکستان کے خلاف ہفتے کو بنائی۔

بٹلر 66 منٹ وکٹ پر ٹھہر ے اور محض 55 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا اسکور 373 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ تک پہنچایا اور پاکستان کو 12 رنز سے شکست دینے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

بٹلر کی اس دھواں دار اننگز کو جہاں کرکٹ کے مداحوں نے بے حد سراہا، وہیں پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہمارے بالرز کے پاس کوئی ایسی ترکیب نہیں تھی جس سے بٹلر کو رنز بنانے سے روکا جا سکے۔ مکی آرتھر کے مطابق انہوں نے بالرز کو ہدایت کی تھی جو بھی ہو بٹلر کو جلد آؤٹ کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب انگلش ٹیم کے کپتان اوین مورگن جنہوں نے بٹلر کے ساتھ شاندار 162 رنز کی شراکت داری قائم کی تھی۔ انھوں نے اپنے ساتھی کرکٹر کی تعریف کرتے ہوئے اُنھیں دونوں ٹیموں کے درمیان فرق قرار دیا ہے۔

مورگن کا کہنا ہے کہ بٹلر کو کسی بھی موقع پر بیٹنگ کے لئے بھیجا جائے اچھا پرفارم کرتے ہیں وہ 50 گیندوں پر سنچری بنا دیتے ہیں۔

جاس بٹلر کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے خود سے بہت کچھ سیکھا ہے گذشتہ چند برسوں میں بہت تجربہ ملا جسے آپ ہر طرح کی کنڈیشنز میں استعمال کر سکتے ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی جاس بٹلر کے پاس ہے۔ 2015ء میں پاکستان کے خلاف دبئی میں بٹلر نے صرف 46گیندوں پر ناقابل شکست 116 رنز بنائے تھے۔

2012ء میں پاکستان کے خلاف دبئی میں اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کرنے والے جاس بٹلر اب تک 129 میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں 42 اعشاریہ 13 کی اوسط سے 3 ہزار 497 رنز شامل ہیں۔

اُن کا بہترین اسکور 150 ہے جبکہ وہ 8 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
Loading...
تبصرے
Loading...