احمد شہزاد بنگلادیشی کرکٹرز کا حوصلہ بڑھانے لگے

سری لنکن ٹیم کامیاب ٹورکرچکی،بنگال ٹائیگرزبھی مہمان نوازی کا لطف اٹھائیں۔ فوٹو: فائل

مزید خبریں

 لاہور:  احمد شہزاد دورہ پاکستان کیلیے بنگلادیشی کرکٹرز کا حوصلہ بڑھانے لگے، اوپنر کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کے کامیاب دورے سے محفوظ ملک ہونے پر مہر ثبت ہوئی،بنگالی ٹائیگرز بھی مہمان نوازی کا لطف اٹھائیں۔

بی پی ایل میں ڈھاکا پلاٹون کی نمائندگی کرنے والے احمد شہزاد نے سلہٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ممکن بنانے میں سکیورٹی فورسز نے سخت محنت کی، کرکٹرزکو صدر مملکت کے برابر سیکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کا دورہ کامیابی سے مکمل ہوا،ان میچز سے پاکستان کے ایک محفوظ ملک ہونے پر مہر ثبت ہوئی، بنگلادیشی کرکٹرز کو بھی پاکستان آنا، شاندار مہمان نوازی اور مزیدار کھانوں کا لطف اٹھانا چاہیے،فیصلہ تو بنگلادیشی بورڈکوکرنا ہے لیکن اگر ان کی جگہ میں ہوتا یقینی طور پر وہاں کی پچز، مہمان نوازی اور کھانوں سے لطف اندوز ہونے کیلیے ضرور جاتا۔

احمد شہزاد نے کہا کہ بنگلہ دیش میں کھیلنا ہمیشہ ہی ایک خوشگوار تجربہ ہوتا ہے، بی پی ایل کیلیے آمد کے بعد پہلا پریکٹس سیشن کیا،ساتھی کھلاڑی اور دوست تمیم اقبال کی صلاحیتوں کا معترف ہوں، وہ ایک اسٹائلش بیٹسمین ہیں، ردھم میں ہوں تو انھیں رنز بنانے سے روکنا مشکل ہوجاتا ہے،مشرفی مرتضٰی کی بھی بنگلہ دیش کرکٹ کیلیے بڑی خدمات ہیں،باصلاحیت مقامی کرکٹرز ٹیم کی قوت ہیں، ان کی موجودگی میں غیر ملکی کھلاڑی بھی دباؤ سے آزاد ہوکر کھیلتے ہیں۔

Loading...

Comments are closed.