آٹھ روز قبل کراچی سے اغوا ہونے والی دعا منگی گھر پہنچ گئیں

مزید خبریں

پاکستان کے صوبہ سندھ کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ آٹھ روز قبل ڈیفنس کے علاقے سے اغوا ہونے والی لڑکی دعا منگی خیریت سے گھر پہنچ گئی ہیں۔

البتہ پولیس حکام کی جانب سے تاحال اس کی گھر واپسی سے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دعا منگی کے ماموں وسیم نے بتایا ہے کہ دعا منگی بالکل خیریت سے ہیں۔ تاہم وہ مزید تفصیلات نہیں بتا سکتے۔

دعا نثار منگی کو 30 نومبر کی رات ڈی ایچ اے کے بخاری کمرشل ایریا میں واقع ایک چائے کے ہوٹل کے باہر سے اسلحے کے زور پر اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ اپنے دوست حارث کے ساتھ چہل قدمی کر رہی تھیں۔

اغوا کاروں نے فائرنگ کر کے حارث کو زخمی کر دیا تھا۔ دعا منگی کے اغوا کے بعد سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تھا۔

دعا منگی کا کیس ہائی پروفائل کیس بن گیا تھا۔ اور پولیس نے دعا کی بازیابی کے لیے ٹیمیں تشکیل دے رکھی تھیں۔

پولیس کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جاتا رہے ہے کہ دعا منگی کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا۔ ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کھرل نے دو روز قبل کہا تھا کہ ایک منظم گینگ دعا کے اغوا میں ملوث ہے۔

Loading...

Comments are closed.