فلوریڈا حملے کے بعد سعودی کیڈٹس کی تربیت معطل

مزید خبریں

فلوریڈا میں گزشتہ ہفتے امریکی بحریہ کے اڈے پر سعودی فضائیہ کے اہلکار کی فائرنگ سے تین افراد کی ہلاکت کے بعد احتیاطی تدبیر کے طور پر 300 سے زیادہ سعودی کیڈٹس کی شہری ہوابازی کی تربیت معطل کردی گئی ہے۔ امریکی اہلکاروں نے یہ بات منگل کو رائٹرز کو بتائی۔

تفتیش کاروں نے کہا ہے کہ سعودی فضائیہ کے 21 سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ محمد سعید الشمرانی نے حملہ اپنے طور پر کیا۔ پچھلے جمعے کو انھوں نے فلوریڈا میں واقع پنساکولا کے اڈے پر فائرنگ کی جس کے بعد پولیس نے انھیں گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔

اس واقعے کے بعد سعودی عرب کے ساتھ امریکی فوجی تعلقات کے بارے میں نئے سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ یمن میں سعودی لڑائی اور گزشتہ سال واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار جمال خشوگی کی ہلاکت کے معاملوں پر کانگریس نے پہلے ہی سخت نگرانی کے اقدام کے لیے کہا ہے۔

اس کے باوجود امریکی فوجی حکام نے حملے کو مقامی معاملہ قرار دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے امریکہ سعودی تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

بحریہ کی خاتون ترجمان لیفٹیننٹ ایندریانہ گنالدی نے کہا کہ پیر کو حفاظتی تدبیر کے طور پر شہری ہوابازی کی تربیت حاصل کرنے والے سعودی کیڈٹس کے لیے تربیتی کارروائی روک دی گئی ہیں۔

بحریہ کے ایک اور اہلکار نے بتایا کہ تربیت روکنے کا یہ عمل ضروری تھا تاکہ سعودی کیڈٹس کے لیے ازسرنو تربیت کا آغاز کیا جاسکے۔ انھوں نے بتایا کہ اگر امریکی فوجی اسکوارڈن میں ایسا واقعہ ہوتا تو بھی اسی طرح کے اقدامات کیے جاتے۔

Loading...

Comments are closed.